مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی دھمکی یا جارحیت کا فیصلہ کن اور عملی جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
نیشنل گارڈز ڈے کے موقع پر سپاہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی اشتعال انگیز بیان بازی محض زبانی جمع خرچ ہے اور اگر کوئی عملی اقدام کیا گیا تو اس کا جواب میدان عمل میں دیا جائے گا۔
یہ ردعمل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر نے ایران میں معاشی مسائل کے حوالے سے ہونے والے احتجاجات کو بنیاد بنا کر نئی فوجی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔ ایرانی حکام کے مطابق، ان مظاہروں میں بعد ازاں تخریبی عناصر شامل ہو گئے جنہیں امریکہ اور اسرائیل کی خفیہ و عسکری حمایت حاصل تھی۔
ایرانی سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان عناصر کے سرغنوں کو گرفتار کیا اور اسلحہ ضبط کیا، جبکہ حکومت نے معاشی مسائل کے حل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پریس ٹی وی کے مطابق، جنرل موسوی نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ۱۲ روزہ جنگ کے بعد دفاعی کمزوریوں کو مکمل طور پر دور کر دیا گیا ہے اور سپاہ کی ایرو اسپیس فورس آج اپنی دفاعی تیاریوں کی بلند ترین سطح پر کھڑی ہے، جو کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
03:20 - 2026/01/25
آپ کا تبصرہ